زرتاج گل کی بہن ڈائریکٹر نیکٹا تعینات، وزیراعظم نے نوٹس لے لیا

Last Updated On 02 June,2019 05:41 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر زرتاج گل کی بہن کی بطور ڈائریکٹر نیکٹا تعیناتی کا نوٹس لے لیا، ادارے کو لکھے گئے خط سے وفاقی وزیر کو دستبردار ہونے کی ہدایت کی گئی ہے.

وزیراعظم کے خصوصی مشیر نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت میں کوئی عہدیدار اپنے عزیز یا رشتہ دار کو پروموٹ نہیں کر سکتا۔ انھوں نے کہا کہ غلطی تسلیم کرتے ہوئے خان صاحب کل کابینہ میں اراکین کو آگاہ کریں گے۔ اگر کوئی اپنی پوزیشن کا غلط استعمال کرے گا تو سزا ہوگی۔

نعیم الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے زرتاج گل کی بہن کی بطور ڈائریکٹر نیکٹا تعیناتی کا نوٹس لیتے ہوئے انھیں خط سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی ہے، اس حوالے سے پارٹی پالیسی واضح ہے۔ وزیراعظم یقینی طور پر غلطی کا ازالہ کریں گے تاہم اس وقت مزید ایکشن لینے پر بات نہیں کر سکتا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خا ن کاکہنا ہے کہ کوئی بھی شخص حکومتی عہدے کا غلط استعمال نہ کرے، کسی دوست یا عزیز کو مالی فائدہ نہ دیا جائے، ایسےاقدامات سےحکومت اورپارٹی کونقصان پہنچتا ہے۔

 

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت ماضی کی حکومتوں کےکام نہیں دہرائیں گے۔ پیر کے روز کابینہ اجلاس میں ضابطہ اخلاق پر بریفنگ کا بھی امکان ہے۔