کشمیری عوام آزادی کے لیے سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں: وزیراعظم

Last Updated On 01 June,2019 11:48 am

مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کشمیری عوام آزادی کے لیے سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں، اسلام کو دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، مغربی دنیا مسلمانوں کے احساسات کا احترام کرے اور اسلامو فوبیا سے باہر نکلے۔

 وزیراعظم نے اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کوئی مذہب معصوم انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا، نیوزی لینڈ واقعے نے ثابت کیا دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں۔ ان کا کہنا تھا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، کشمیریوں کو حق خودارادیت ملنا چاہیے، او آئی سی مسلمانوں پر جاری مظالم کے خلاف اٹھے۔

عمران خان نے مزید کہا بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیے، اسرائیل نے دہشت گردی کو معصوم فلسطینیوں کے خلاف استعمال کیا۔ ان کا کہنا تھا مسلم دنیا کے خلاف ظلم و بربریت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، اظہار آزادی کے نام پر مسلمانوں کے جذبات کو مجروح نہیں کیا جاسکتا، مسلم دنیا کی قیادت مغربی دنیا کو قائل کرے۔

اس سے پہلے مکہ میں وزیر اعظم عمران خان نے مصر اور افغانستان کے صدور کی ملاقاتیں کیں، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغان صدر سے ملاقات میں وزیراعظم نے پر امن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ عمران خان نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

 

Advertisement