نئی دہلی: (روزنامہ دنیا) وزیر اعظم عمران خان کو بھارت نریندر مودی کی دوسری مدت کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت نہیں دے گا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین سرد مہری کے جلد خاتمے کا کوئی امکان نہیں۔ بھارتی حکومت کے بیان کے مطابق ‘‘ہمسایہ پہلے ’’ کی پالیسی کے تحت بنگلہ دیش، میانمار، سری لنکا، تھائی لینڈ، نیپال اور بھوٹان کے رہنماؤں کو حلف برداری کی تقریب میں شریک کی دعوت دی گئی ہے، پاکستان اس فہرست میں شامل نہیں۔
نیوز ایجنسی کے مطابق 2014 میں نریندر مودی کی پہلی مدت کی حلف برداری کی تقریب میں تمام سارک ملکوں کے سربراہوں کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی، جس میں پاکستان، افغانستان اور مالدیپ شامل ہیں۔ اس تقریب میں نواز شریف کی شرکت پر مودی کے ہندو قوم پرست اتحادیوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ذرائع نے بتایا کہ کرغیزستان اور ماریشس کے رہنماؤں کوبھی دعوت دی گئی ہے، تاہم اگلے ماہ کرغیزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں عمران خان اور نریندر مودی کی ملاقات متوقع ہے، اس اجلاس میں دونوں رہنما شرکت کر رہے ہیں۔