کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ ان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ کراچی کے دوران اتحادی جماعتوں کے وفد سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں فردوس شمیم، خرم شیر زمان، حلیم عادل اور فیصل واوڈا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ارباب غلام رحیم، آنند کمار، نصرت سحر عباسی اور صدرالدین شاہ راشدی بھی ملاقات میں موجود تھے۔
اس ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال، وفاقی حکومت کے جاری منصوبوں اور اتحادی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) سندھ میں ایک اور صوبہ بنانے کے خلاف ہے۔ پی ٹی آئی کے نئے بلدیاتی نظام کے بعد صوبے میں تقسیم کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ادھر وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے سندھ میں نیا صوبہ بنانے کی حمایت میں کہا ہے کہ وزیراعظم کا حکم سر آنکھوں پر، مگر ایم کیو ایم کا اپنا نقطہ نظر ہے۔ پاکستان کے اکنامک حب کو خود مختار ہونا چاہیے۔ پاکستان کے عوام کے مفاد میں جو بہتر ہوگا وہ کریں گے۔ وہ کراچی میں ایم کیو ایم کی افطار پارٹی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔