اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس 21 مئی کو ہوگا جس میں اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک پر اتحادیوں سے مشاورت کا لائحہ عمل، ڈالر ریٹ سمیت مجموعی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کیلئے اتحادیوں سے مشاورت کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی کی وجوہات، ملک کی معاشی اور اقتصادی صورتحال اور مہنگائی کی شرح پر بریفنگ دی جائے گی۔
کابینہ کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کابینہ کو او آئی سی اجلاس میں شرکت کے لئے متوقع دورہ سعودی عرب سے آگاہ کریں گے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈا زیر غور آئے گا۔ کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں توثیق کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کے لیے بورڈ قائم کرنے کی منظوری دے گی۔
بنکنگ کورٹ کراچی کے لیے جج کی تقرری اور مانیٹری پالیسی کمیٹی میں بیرونی رکن کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔