مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی جس میں دورہ پاکستان میں ہونے والے فیصلوں پر جلد عملدرآمد پر اتفاق کیا گیا۔
وزیر اعظم کی سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات او آئی سی کے موقع پر ہوئی، ملاقات میں دونوں رہنما سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی متفق ہوئے۔ ملاقات میں دونوں رہنماوں نے پاک سعودیہ سیاسی، اقتصادی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا، مشترکہ مفاد کے معاملات پر باقاعدہ روابط قائم رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ تیل کی ادائیگیاں موخر کرنے کے سعودی حکومت کے فیصلے کے تہہ دل سے مشکور ہیں، ادائیگیاں موخر کرنا مشکل معاشی حالات میں سعودی حکومت کی بھائی چارہ کی عمدہ مثال ہے۔ ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کی سعودی عرب آمد کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا شاندار روایتی میزبانی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔