(روزنامہ دنیا): حکومت کی کفایت شعاری دعوؤں کے باوجود سعودی ولی عہد کے دورہ کے بہترین انتظام پر انعام کے طور وزیراعظم آفس کے افسران و ملازمین کو ایک کروڑ روپے کے قریب اعزازی تنخواہ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔
گریڈ 19 اور 20 کے افسروں کو انعامی رقم دینے کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی سے منظوری لی گئی ہے۔ وزیراعظم آفس کے افسروں کو اعزازی تنخواہ کی مد میں مجموعی طور پر 93 لاکھ 32 ہزار 695 روپے دئیے گئے ہیں۔ گریڈ 1 تا 18 کے ملازمین و افسران کو پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم کی منظوری سے 91 لاکھ 2 ہزار 625 روپے اعزازی تنخواہ میں دئیے گئے جبکہ گریڈ 19 اور 20 کے افسران کو 2 لاکھ 30 ہزار 70 روپے اعزازی تنخواہ کی ادائیگی کے لیے سمری اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوائی گئی تھی۔