نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ایوان صدر میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ دونوں ممالک کے مابین دفاع، انسداد دہشتگردی، توانائی اور تجارت سمیت باہمی تعاون کے 44 ارب ڈالر مالیتی معاہدوں کا امکان ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان منگل کی شام بھارت پہنچ گئے تھے لیکن انہیں آج باقاعدہ گارڈ آف آنر نئی دہلی کے ایوان صدر میں دیا گیا۔ سعودی ولی عہد نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ سعودی شہزادے کا بعد ازاں بھارتی کابینہ سے تعارف کروایا گیا۔ بھارتی صدر اور وزیراعظم نے بھی سعودی وفد میں شامل وزرا اور شاہی مہمانوں سے مصافہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورہ بھارت کے دوران مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون اور مفاہمت کی 5 یادداشتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مابین ملاقات کے بعد دفاعی تعاون، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کے علاوہ توانائی اور باہمی تجارت کے 44 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے طے پانے کا امکان ہے۔