اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیے مل کر عہد کریں کہ ہم یکجا ہو کر اپنے معاشی بحران پر قابو پائیں گے اور اس دوران سماج کے قدرے غریب حصے پر کم از کم بوجھ منتقل کریں گے۔
وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں قوم کو مبارکباد دی ہے، ان کا کہنا تھا کہ "پوری قوم کو میری جانب سے عید کی ڈھیروں خوشیاں مبارک"۔انھوں نے معاشی بحران کے خاتمے کے حوالے سے عوام سے عہد بھی لیا،" آئیے مل کر عہد کریں کہ ہم یکجا ہو کر اپنے معاشی بحران پر قابو پائیں گے اور اس دوران سماج کے قدرے غریب حصے پر کم از کم بوجھ منتقل کریں گے"۔
پوری قوم کو میری جانب سے عید کی ڈھیروں خوشیاں مبارک۔ آئیے مل کر عہد کریں کہ ہم یکجا ہو کر اپنے معاشی بحران پر قابو پائیں گے اور اس دوران سماج کے قدرے غریب حصے پر کم از کم بوجھ منتقل کریں گے۔
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 5, 2019
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے اپنے عید پیغام میں کہا تھا کہ بخل، حسد، لالچ اور نفرت جیسے منفی رجحانات کے بجائے سخاوت پر مبنی جذبہ کو فروغ دے کر ہی پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا ک کہ اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں خوشیوں بھرا یہ دن عطا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عید الفطر کا مقصد مسلمانوں میں اتحاد، اخوت، ایثار اور سخاوت کو فروغ دینا ہے، عید کی حقیقی مسرت ضرورت مند عزیزو اقارب کوخوشیوں میں شریک کر کے ہی حاصل ہو سکتی ہے، یہ اسی وقت ممکن ہے جب ہم اسلام کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہوں، بخل ، حسد ، لالچ اور نفرت جیسے منفی رجحانات کے بجائے سخاوت پر مبنی جذبہ کو فروغ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے صحیح سمت میں سفر کا آغاز کردیا، ہم وطن کو مشکلات سے نکال کر ریاست مدینہ کی طرز پر فلاحی ریاست میں ڈھالنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ پاکستان کو امن، ترقی و خوشحالی کا مثالی گہوارہ بنائے، ایسا گہوارہ جس کو دیکھنے کے لیے ہم سب کی نگاہیں منتظر ہیں، اللہ تعالی آج کے دن کو تمام لوگوں کے لیے خوشی و مسرت کا دن بنائے۔