اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ عید کے معاملے پر خیبرپختونخوا حکومت کا فیصلہ نامناسب ہے، فیصلے سے جگ ہنسائی ہوئی، دنیا میں ایسے لگا جیسے جھوٹ کو سرکاری سرپرستی حاصل ہے۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا حکومت کبھی مسلک اور مقامی لڑائیوں میں نہیں پڑتیں، جو جہاں چاہے عید کرے مگر جھوٹ کی بنیاد پر نہیں، گزشتہ روز چاند کا نظر آنا ممکن ہی نہیں تھا، مذہبی تہوار کی بنیاد بھی جھوٹ پر رکھ دی گئی ہے۔
فواد چودھری نے مزید کہا جہالت کا علاج حکیم لقمان کے پاس بھی نہیں تھا، پرنٹنگ پریس، ریلوے کا سفر سالوں حرام رہا، لاوڈ سپیکر کو حلال کرتے کرتے کئی سال لگ گئے، چاند کامسئلہ بھی حل ہو ہی ہو جائے گا، ہمیں اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے، جو ملک ہمارے ساتھ آزاد ہوئے وہ آج کہاں کھڑے ہیں، پاکستان میں بھی آخری فتح علم اور عقل کی ہونی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشرے نئی سوچ کی قیادت میں آگے بڑھتے ہیں، امید ہے قوم کا باشعور طبقہ ہر معاملے پر خاموش نہیں رہے گا، پسماندہ سوچ کو مستر د کرنا چاہئے۔