گجرات: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو کامیاب کروانے کیلئے کوشش کرر ہے ہیں۔ ماضی کی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کہتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا اشتہار دینا چاہیے وہ بھگوڑے ہو چکے ہیں۔
گجرات میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پوری قوم کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں، ہمیں عید پر پاک فوج کے شہدا کو نہیں بھولنا، انہوں نے ملک کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ماضی کی حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا جس کے باعث حالات خراب ہیں، ہم وزیراعظم عمران خان کو کامیاب کروانے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر مہنگائی اور دیگر مسائل پر مزدور یا عوام کوئی جلوس نکالیں گے تو اپوزیشن اس کو کیش کروائے گی۔ اپوزیشن کے اپنے پاس کچھ نہیں ہے۔ فوج کی جانب سے بجٹ کم کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کا حق کا ہے کہ وہ احتجاج کرے۔ حکومت کو مشاورت سے معاملات کو حل کرنا ہے کوئی ایسی حکومت نہیں جس کو مسائل کا سامنا نہ ہو۔
چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ اصل امتحان ایسے ہی حالات میں ہوتا ہے جب حکومت کو اپنی دور اندیشی سے کام لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا اشتہار دینا چاہے جو بھگوڑے ہو چکے ہیں جو ن لیگ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو اپنے مسائل اور دکھ ہیں۔ جسے حکومت مخالف فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ وقت ہے کہ سمجھداری سے کام لیا جائے۔ بجٹ میں عوام کو تکلیف نہیں ریلیف دیناچاہے۔