لاہور: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا ہے کہ حکومت مخالف تحریک نہیں بلکہ ملکی معیشت کی بحالی پر غور کیا جائے۔ فوج تو اپنا فرض پورا کر رہی ہے، پارلیمنٹ بھی اپنا کردار ادا کرے۔
سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عید کے بعد کچھ اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہو کر حکومت اور عمران خان کے خلاف ایک تحریک چلانے کا ارادہ رکھتی ہیں جس کیلئے ایک ایجنڈا تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میری تمام بڑی جماعتوں بالخصوص جو پارلیمنٹ میں موجود ہیں، ان سے درخواست ہے کہ وہ اپنی پارٹیوں سے بالاتر ہو کر بیٹھیں اور معیشت کی بحالی کے ایجنڈا پر غور کریں۔
چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہوگا کیونکہ ملک پہلے ہی دہشت گردی سمیت بہت سے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے جس میں فوج تو اپنا فرض ادا کر رہی ہے لیکن پارلیمنٹ کو بھی چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ خاص طور پر نیشنل ایکشن پلان جس پر مجھ سمیت تمام جماعتوں کے قائدین نے دستخط کئے تھے، اس پر عملدرآمد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔