لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے جلال پور واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی کی معطلی جبکہ سی پی او ملتان، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر سے جواب طلب کر لیا ہے۔
آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے جلال پور واقعہ پر ہنگامی ویڈیو لنک کانفرنس منعقد کی جس میں ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب کے علاوہ آر پی او ملتان اور سی پی او ملتان سمیت پولیس کے سینئر افسران شریک ہوئے۔
آئی جی پنجاب نے عید کے روز ہلاکتوں کے واقعہ پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آر پی او بتائیں کہ اب تک ملزمان کے خلاف کیا اقدامات کئے گئے ہیں؟
آر پی او ملتان نے آئی جی پنجاب کو صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے آر پی او ملتان اور سی پی او کو 48 گھنٹے میں تمام ملزمان کی گرفتاری کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خود پولیس اقدامات کی نگرانی کریں۔
انہوں نے ہدایات دیں کہ علاقہ میں کشیدگی کے خاتمے اور صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے سی پی او خود فیلڈ میں رہیں۔ علاقے میں امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے جاں بحق ہونے والوں کی آخری رسومات تک عارضی پولیس چوکی قائم کی جائے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پورے علاقے میں کومبنگ آپریشنز کئے جائیں اور 7 دن میں تمام جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ذمہ داروں کے تعین کے لیے انٹرنل اکاؤنٹبلٹی ٹیم کو ملتان پہنچے کا حکم دیا ہے۔