گوجرہ: (دنیا نیوز) گوجرہ کی مقامی مسجد میں قرآنی تعلیم کے کمسن طالب علم پر تشدد کے معاملے پر تھانہ سٹی پولیس نے قاری مشتاق کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔
گوجرہ کی تھانہ سٹی پولیس نے قاری مشتاق کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ ملزم مشتاق ننھے طالب علموں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قاری مشتاق کبھی بچوں کے چہرے پر خود تھپڑ مار رہا ہے اور کبھی بچوں کو کہہ رہا ہے کہ اپنے منہ پر خود تھپڑ مارو اور قاری مشتاق طالبعلم کا گلا دبانے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔
چائلڈ پروٹیکشن آفیسر روبینہ اقبال، سی پی او لیگل عادل گوندل ٹیم کے ہمراہ گوجرہ پہنچ گئے۔ روبینہ اقبال کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچے کے والدین کو قانونی طور پر جو بھی مدد درکار ہو گی فراہم کی جائے گی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔