ساہیوال: ڈی ایچ کیو ہسپتال کا ایئر کنڈیشنر خراب، 3 نومولود جاں‌ بحق

Last Updated On 02 June,2019 03:40 pm

ساہیوال: (دنیا نیوز) ساہیوال کے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ایئرکنڈیشنر خراب ہونے سے نرسری میں بچے دم توڑ گئے، ورثا انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، ڈپٹی کمشنر نےسیکریٹری ہیلتھ کو خط لکھ دیا جس میں انجینئر لقمان کو ذمے دار قرار دیا گیا ہے.

ساہیوال کے ڈی ایچ کیو ہسپتال کی انتظامیہ نے نااہلی کی انتہا کر دی، شدید گرمی میں خراب ہونے والے ائرکنڈیشنر ٹھیک نہ کرائے، نرسری میں موجود کئی شیرخوار دم توڑ گئے، لواحقین نے انتظامیہ کو بچوں کی ہلاکت کا ذمہ دار قرار دیدیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے اور اے سی خراب ہونے سے معصوم جاں بحق ہوئے۔ انھوں نے انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر غفلت اور لاپرواہی برتنے پر احتجاج بھی کیا۔

دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نے تین بچوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، ڈپٹی کمشنر میاں زمان وٹو نے ہسپتال کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ہنگامی دورہ کیا اور بچوں کی اموات کی تحقیقات کا حکم دیدیا، انہوں نے ایم ایس آفس کا اے سی چلڈرن وارڈ میں لگوا دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کوچلڈرن وارڈ میں فوری دیگر سہولیات فراہم کرنے کا حکم بھی دیدیا۔