عید پر کیمیکلز سے تیار کردہ بوتلیں سپلائی کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی

Last Updated On 29 May,2019 05:20 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عید پر عوام کو جعلی بوتلیں فراہم کرنے والی فیکٹری پکڑی گئی۔ مصنوعی فلیورز، کیمیکلز اور غیر فلٹر پانی سے مختلف برانڈز کی جعلی ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں۔

لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، عید کے لیے جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والی فیکڑی پکڑی گئی۔ شالیمار سوسائٹی میں جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کرنے والی فیکڑی کو سیل کر دیا گیا۔

فیکٹری میں مختلف برانڈز کی 3 ہزار لیٹر سے زائد تیار بوتلیں اور 8 ہزار کا خام مال برآمد کر لیا گیا جس میں آٹھ گیس سلنڈرز، فلنگ مشین، مکسنگ مشین، جعلی لیبلز، خالی بوتلیں ضبط کر لی گئیں۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ مصنوئی فلیورز، کیمیکلز اور ٹوٹی کے پانی سے مختلف برانڈز کی جعلی ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں، مضر صحت جعلی بوتلوں کی بڑی کھیپ عید پر سپلائی کے لیے تیار کی جا رہی تھی۔ منظور شدہ فارمولے کے بغیر تیار کی گئی جعلی ڈرنکس معدے کے السر اور کینسر کی بڑی وجہ بنتی ہیں، جعل سازی کا مکروہ دھندہ کرنے والے فیکڑی مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔