اسلام آباد: (دنیا نیوز) عید کے بعد اہم سیاسی شخصیات کے خلاف کرپشن کیسز پر نیب کا ایکشن ہوگا، جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف رہا ہوں گے یا سابق صدر آصف علی زرداری گرفتار ؟ بڑی سیاسی شخصیات کی ضمانت درخواستوں پر بھی فیصلے سامنے آئیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ 10 جون کو آصف زرداری اور فرالی تالپور کی ضمانت پر فیصلہ کرے گی، 11 جون کو نواز شریف کی ضمانت درخواست پر سماعت ہوگی۔
نیب نے بلاول بھٹو زرداری سے اوپل 225 منصوبے میں 10 جون تک جواب طلب کر رکھا ہے، شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس کی تحقیقات بھی آخری مرحلے میں ہے۔
چیئرمین نیب نے قائم علی شاہ اور مراد علی شاہ کے خلاف ٹھٹھہ اور دادو شوگر ملز کیس کی انکوائریز کو باقاعدہ تحقیقات میں منتقل کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ ذرائع کے مطابق بات ان کی گرفتاری تک کی جا سکتی ہے۔
عید کے بعد وزیر دفاع پرویز خٹک کے خلاف مالم جبہ کیس میں بھی اہم گرفتاریوں کا فیصلہ ہوگا جبکہ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔