اسلام آباد: (دنیا نیوز) مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے ہر اعلان پر عمل ہوگا، احسن اقبال صاحب آپ کے گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے، 242 ارب کا منصوبہ 300 ارب سے تجاوز کرگیا، اپنی وزارت میں لئے گئے تمام قرضوں کی تفصیلات سامنے لاؤں گا۔
وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مراد سعید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ 10 سال میں لیے گئے قرض سے کوئی بڑا منصوبہ نہیں لگا، این ایچ اے کا ریونیو ساڑھے 11 ارب روپے بڑھایا، وزیراعظم کی ہدایت پر زائد گاڑیوں کا استعمال بند کر دیا، میرے زیر استعمال کوئی گاڑی نہیں، میرے پاس جو ایڈیشنل چارج ہے اس کی تنخواہ بھی نہیں لیتا، 242 ارب کا منصوبہ کس طرح 300 ارب سے تجاوز کرگیا ؟۔
مراد سعید کا کہنا تھا ایک منصوبے میں قوم کو 50 ارب سے زائد کا ٹیکہ لگایا گیا، 430 کروڑ کی ریکوری کر چکے ہیں، یہ عمل جاری رہے گا، نیب میں چلنے والے کیسز بھی کمیشن کو دیں گے، ماضی میں چند ٹھیکے داروں کو نوازا جاتا تھا، جعلی اکاؤنٹس میں پیسے بھجوائے جاتے تھے، کہا جاتا ہے کس طرح جعلی اکاؤنٹس میں پیسے آئے ؟ اداروں میں کفایت شعاری وزیراعظم کا وژن ہے، وزارت مواصلات میں ماضی کے منصوبوں کا آڈٹ جاری ہے، بیرون ملک جائیدادیں بنانیوالوں کے احتساب کا وقت ہوا چاہتا ہے۔