حکومتی پالیسیاں ملک کیلئے بہت بڑا معاشی خطرہ بنتی جارہی ہیں: احسن اقبال

Last Updated On 10 June,2019 10:57 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور ایم این اے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شہبازشریف پاکستان میں ہی موجود رہیں گے وہ صرف چیک اپ کیلئے لندن جاتے ہیں، پاکستان میں اپوزیشن کو لیڈ کریں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کیساتھ گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اناڑی حکومت نے ملک کا برا حال کردیا ہے۔ حکومت کی پالیسیاں پاکستان کے لیے بہت بڑا معاشی خطرہ بنتی جارہی ہے۔ آنے والے دنوں میں اپوزیشن جماعتیں اپنا لائحہ عمل بنائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے جاری اخراجات میں خسارہ بے قابو ہوا ہے، اگرحکومت نے 700 ارب روپے کے نئے ٹیکسز نافذ کر دیئے تو نچلا طبقہ کچلا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری ہرپیشی پرپیش ہوتے رہے۔ احتساب کا عمل شفاف ہونا چاہیے، وزرا دس دن پہلے ہی کون پکڑا جائے گا پیشگویئاں کردیتے ہیں۔ وزرا کے بیانات سے لگ رہا ہے حکومت اپوزیشن کودبانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ تفتیش کے دوران گرفتارکرنے کا کیا مطلب ہے۔ حکومت کوغلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔ جج صاحبان بھی شکایات کررہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سپلٹ مینڈیٹ کیوجہ سے (ن) لیگی حکومت نے مفاہمت کا راستہ اپنایا تھا، مسلم لیگ کی حکومت نے بارہ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی۔