اختلافات: پی ٹی آئی تنظیمیں بلدیاتی الیکشن سے قبل مکمل ہونا ناممکن

Last Updated On 10 June,2019 09:39 am

لاہور: (یاسین ملک ) تحریک انصاف میں اندرونی اختلافات کے باعث پارٹی تنظیمیں بلدیاتی الیکشن سے قبل مکمل ہونا ناممکن ہو گیا، پنجاب حکومت نے ایک سال میں بلدیاتی الیکشن کرانے کا اعلان کر رکھا ہے، تحریک انصاف کی تنظیمیں مکمل نہ ہونے کی صورت میں پنجاب میں بلدیاتی الیکشن بھی تاخیر کا شکار ہو جائیں گے۔

پنجاب اسمبلی سے منظوری کے بعد نئے بلدیاتی بل کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہوئے ایک ماہ سے زائد عرصہ گز ر چکا ہے اور تحریک انصاف کی تمام صوبائی تنظیمیں مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد نے 2 جون کو تحلیل کی تھیں اور پارٹی نے بلدیاتی الیکشن سے قبل تنظیم سازی مکمل کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات تنظیم سازی کی راہ میں رکاوٹ بن گئے ہیں اب بلدیاتی الیکشن سے قبل پارٹی کی تنظیم سازی مکمل کرنے کا امکان نہیں ہے۔ تحریک انصاف میں شاہ محمود قریشی اور جہانگیر خان ترین گروپ میں اختلافات چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کوششوں کے باوجود ختم نہیں ہو سکے اب یہ گروپ پارٹی کی تنظیم سازی میں غیر معمولی حد تک اثر انداز ہو رہے ہیں۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ تنظیم سازی بروقت مکمل نہ ہونے کی صورت میں بلدیاتی الیکشن بروقت ہونے کا امکان نہیں ہے۔