سکھر: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں ان ہاؤس تبدیلی کا آپشن موجود ہے۔ نوازشریف منتخب وزیراعظم تھے سلیکٹڈ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بار عید پر بازار خالی تھے، مہنگائی کی وجہ سے عوام خریداری نہیں کر سکے، تیل کی قیمتوں میں اضافے کے لیے منصوبہ بندی کی جارہی ہے، حکومتی وزرا کی خوش فہمی ہے کہ عید کے بعد احتجاج نہیں ہوگا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت خوش فہمی میں ہے انہیں خوش فہمی میں رہنے دیں، وزیراعظم عمران خان نے نریندر مودی کے لیے لابنگ کی. انکی کامیابی کے لیے دعائیں مانگی۔ ایک دفعہ پھر خان صاحب کے بھائی مودی انڈیا کی وزیر اعظم منتخب ہوگئے اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا مسئلہ کشمیر حل ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مودی کی کامیابی سے مسئلہ کشمیر حل ہوگا، اب مودی کامیاب ہو گیا ہے. عوام چاہتی ہے کشمیر کا مسئلہ حل ہو ورنہ عمران خان گھر جائے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی اور لاہور میں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے، جب لوگ بیروزگار ہونگے تو یہی چیزیں سامنے آئیں گی۔