حکومت معاشی حالات پر جلد قابو پا لے گی: ذوالفقار بخاری

Last Updated On 06 June,2019 08:47 am

لندن: (دنیا نیوز) زوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ حکومت مشکل حالات پر قابو پانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، حکومت معاشی حالات پر جلد قابو پا لے گی۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے لندن میں سینئر صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، ملک میں ٹورازم کو مزید فروغ دینے اور اوورسیز پاکستانیوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوررسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لئے ضلع سطح پر آفس قائم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے مسائل جلد سے جلد حل ہوسکیں۔

ذوالفقار بخاری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں اوورسیز پولیس سٹیشن جلد کام شروع کردے گا جس میں صرف اور صرف اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جائیں گے جبکہ بہت جلد یہ سلسلہ دوسرے شہروں میں بھی پھیلایا جائے گا، وزیر اعظم بہت جلد برطانیہ کا دورہ کریں گے جس میں دو طرفہ تجارتی امور پر برطانیہ سے بات چیت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیےمزید اقدامات کر رہے ہیں جبکہ برٹش ائیر ویز کے بعد دیگر مختلف ممالک کی ائیر لائینز بھی جلد پاکستان میں اپنا آپریشن شروع کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سکھوں کو ان کے مذہبی مقامات پر مذید سہولیات فراہم کرنے کےلیے کام شروع ہو چکا ہے۔