ججز کیس: عدلیہ ہی شکایت سنے گی اور فیصلہ کرے گی: فردوس عاشق

Last Updated On 04 June,2019 06:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ججز کیخلاف سپریم جوڈیشل کونسل کیس میں عدلیہ ہی شکایت سنے گی اور وہی فیصلہ کرے گی۔ عمران خان بار بار کہتا ہے دو نہیں ایک قانون سب کیلئے، ہم نہ کسی کو ڈکٹیٹ کر رہے ہیں نہ آئینی حدود سے باہر جا رہے ہیں۔ پچھلی حکومتیں نے مسائل کارپٹ کے نیچے دبا دبا کر کینسر بنا دیے۔

لاہور پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم سب وزیراعظم عمران خان کے کھلاڑی ہیں، ہم نے عمران خان کے راستے میں کانٹے نہیں بکھیرنے، عمران خان تصادم پر یقین نہیں رکھتے۔ کابینہ میں بیٹھے لوگوں کی پسند نا پسند ہوسکتی ہے مگر وہ ہماری وزارت کیساتھ نہیں جڑنا چاہیے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لاہور سے جو سوچ ابھرتی ہے پورے ملک میں پھیلتی ہے، پچھلے دس سال ہم تخت لاہور کے قیدی رہے، ہمیں دیوار سے لگا یا گیا ترقی کا سفر چند شہروں تک محدود کرکے باقی پنجاب کا محروم کیا گیا۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمیں پتہ ہے کہ ووٹ کی عزت کیسے ہوتی ہے ووٹ کی عزت جو جیت جائے اس کے ساتھ منسلک ہوتی ہے، جہاں آپ جیت جائیں وہاں شکست تسلیم کرنا ہی ووٹ کی عزت ہوتی ہے۔ اگر آپ وزیراعظم عمران خان کو غلط القاب سے پکاریں گے تو آپ اس کرسی کو نشانہ بناتے ہیں، عبوری ویج بورڈ عید کے بعد نوٹیفائی ہونے جا رہا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد نئی میڈیا پالیسی تمام پریس کلبز کو بھیج رہے ہیں، پریس کلبز کی گرانٹس بحال کرنے جا رہے ہیں، منسٹری انفارمیشن ریفارمز کی طرف بڑھ رہی ہے، عمران خان کانظریہ ہے پبلک ریلیف پروگرام، اگر کوئی شخص اس میں رکاوٹ بنے گا اسے اس عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔
 

Advertisement