’’خزانہ لوٹنے والے پٹرولیم قیمتوں پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں‘‘

Last Updated On 01 June,2019 08:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ خزانہ لوٹنے والے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ کرپشن الیون کے کھلاڑی عوامی جذبات سے کھیل کر گناہ بخشوانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگست سے اب تک پیٹرولیم مصنوعات پر60 ارب روپے کی سبسڈی دی جاچکی ہے۔ خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پٹرولیم کی قیمتوں میں نسبتاً کم اضافہ کیا گیا۔ ملک و قوم کا تیل نکالنے والی کرپٹ لیگ حقائق جانتے ہوئے بھی سیاست کر رہی ہے۔ اپوزیشن رہنما عوام کو بھڑکانے کے لئے منافقت کی سیاست کررہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اقتدارِ کے بھوکے عوام کے سچے ہمدرد ہوتے تو آج یہ حالات نہ ہوتے، لانچیں، گھر، پاپڑ، ریڑھی والوں کے اکاؤنٹس نہ بھرتے تو ملکی معیشت مستحکم ہوتی۔ کرپشن کنگز کی وجہ سے قوم اور جمہوریت ہمیشہ خسارے میں رہی۔

تنقید پر رد عمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن والوں نے اپنے بچوں کا مستقبل سنوارا، قوم کے بچوں کو تاریکی میں جھونک دیا۔ لاپتہ اپوزیشن لیڈر کا لندن کے صحت افزا مقام سے عوام کے درد میں بیان دینا مذاق ہے۔ ان کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ ‘‘مال بچاؤ تے جلدی جلدی نس جاؤ’’۔
 

Advertisement