اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے لئے بولنے کا جمہوری حق تو چاہتی ہے لیکن حکومتی ارکان کو یہ حق دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے شور شرابہ ڈالنے کے حوالے سے اپنے ردعمل میں معاون خصوصی اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جمہوریت کا رونا رونے والے صرف سنانا چاہتے ہیں، سُننے کا اِن میں حوصلہ نہیں، اجلاس نہ ہو تو اپوزیشن شور مچاتی ہے کہ اجلاس نہیں بلایا جا رہا، جب اجلاس ہوتا ہے تو ان کے پاس لڑائی کے سوا کوئی ایجنڈا نہیں ہوتا۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قومی اداروں کے خلاف سنگین جرائم کے مرتکب ملزمان کی ترجمانی کی بجائے اپوزیشن ایوان میں اپنا حقیقی پارلیمانی کردار ادا کرے۔ پارلیمان کُشتی کا اکھاڑا نہیں معزز ایوان ہے، عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ہونیوالے پارلیمانی اجلاس کو خاندانوں کی کرپشن کے دفاع کیلئے ڈھال نہ بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن احتجاج کا پُرانا وطیرہ چھوڑ کر عوامی مسائل کے حل کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کر ے۔ جس معاملے کا فیصلہ عدلیہ نے خود کرنا ہے وہ عدلیہ پر حملہ کیسے تصور ہو سکتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ آئینی معاملے کو سیاست کی نظر کرنا بدقسمتی ہے۔ نئے پاکستان میں احتساب سے کوئی بالاتر نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے عدلیہ کی آزادی کیلئے جدوجہد کی اور پابند سلاسل رہے۔ عدلیہ کی آزادی، آئین وقانون کی حکمرانی اور اداروں کے احترام پر کامل یقین رکھتے ہیں۔