چیک پوسٹ پر حملہ افسوسناک، ایکشن قانون کے مطابق ہوگا: فردوس عاشق

Last Updated On 26 May,2019 09:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ افسوسناک ہے، حکومت کا لائن آف ایکشن قانون کے مطابق ہوگا۔

محسن داوڑ اور علی وزیر گروپ کی جانب سے چیک پوسٹ پر حملے پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان واحد وزیراعظم جنہوں نے قبائلی عوام کے زخموں پر مرہم رکھا۔ جہاں بارود کی بو تھی وہاں عمران خان نے پھولوں کی خوشبو کو مہکایا۔ سارا عمل احسن طریقے سے چل رہا تھا لیکن کچھ شرپسند عناصر ترقی کے راستے میں روڑے اٹکا رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ لوگ بین الاقوامی طاقتوں کے ہاتھوں کھلونا بن رہے ہیں۔ پاکستان مخالف قوتوں کے ایجنڈے کو پروان چڑھانے کا بیانیہ چل رہا تھا۔ قبائلی عوام نے اس گروہ سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر علی اور محسن جاوید شرپسند عناصر کو چھڑانے کے لیے پہنچے تھے۔ شمالی وزیرستان میں چیک پوسٹ پر حملہ افسوسناک ہے، اس کیخلاف حکومت کا لائن آف ایکشن قانون کے مطابق ہوگا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ اس گروہ نے یونیفارم میں ملبوس فوجیوں پر فائر کھولا اور سٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کیا، اس گروہ کو بے نقاب اور قانون حرکت میں آئے گا۔ کسی کو بھی قومی مفاد کیساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے سینہ تان کر شرپسندوں کا مقابلہ کیا۔ چیک پوسٹ پر حملہ افسوس ناک ہے۔ قبائلی عوام کو عمران خان کی قیادت میں تمام حقوق دیں گے۔ شرپسند کارروائیوں کی قبائلی عوام حوصلہ شکنی کریں گے۔ ایسی کارروائیوں سے سٹیٹ کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان مخالفین سے بارود والے علاقوں میں ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ ترقی کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کو قبائلی عوام نے مسترد کیا۔ قبائلی عوام کو جائز حقوق دے کر قومی دھارے میں لائیں گے۔