اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نالائق اعظم اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے اسی لئے ایک جیل میں دوسرا باہر گیا، انکی نظر میں پیسے کھانے والا ہی لائق ہے۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا سمدھی ملکی معیشت کو چونا لگا کر مفرور ہے، ان کی کرپشن کا جو حصہ دار نہ بنے وہ نالائق اور نااہل ہے، جو ان سے کرپشن کا حساب مانگے وہ نالائق ہے اور نااہل بھی، انکی نظر میں لائق وہ ہے جو ان کو منی لانڈرنگ کے نت نئے طریقے سکھائے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ن لیگ کی نظر میں لائق وہ ہے جو قوم کے پیسے کھا کر پھر شوبازی کرے، تکبر ان میں تھا جن کو ملنے کیلئے ان کے منتخب نمائندے ترستے تھے، سٹاک مارکیٹ کا ہزار پوائنٹس سے زائد اوپر جانا مثبت ہے وہ اپوزیشن کو نظر نہیں آتا، عمران خان کی قیادت میں قوم نے کرپشن اور معاشی بدحالی کے کینسرکا علاج کرنے کا فیصلہ کیا، وہ وقت دور نہیں جب معیشت بھی چلے گی اور عوام خوشحال ہونگے۔