اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کچھ جماعتیں کارکنوں کا ایندھن بنانا چاہتی ہیں، نیب آفس ایسے جاتے ہیں جسے کوئی قلعہ فتح کرنے جا رہے ہیں، فوج پر حملہ کرنیوالوں کو ایوان میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث مسائل سامنے آئے، آج نیب کی پیشی پر سیاسی طور پر زندہ رہنے کی ناکام کوشش ہوئی، کچھ سیاسی جماعتیں وفاق کی نمائندگی کی بجائے سندھ کے کچھ اضلاع تک محدود رہ گئیں، بلاتی نیب ہے اور یہ کارکنان کو بلالیتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا نابالغ سیاستدانوں کو مزید سیاسی بلوغت چاہئیے، حملہ آوروں کو ایوان بلانے والے اپنی والدہ کے نظریے سے ہٹ رہے ہیں، اگر کچھ غلط نہیں کیا تو جتھے ساتھ لے کر جانے کی کیا ضرورت ہے، نیب جو سوال پوچھتا ہے اسکا جواب دیا جائے، بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی، احتساب کی چھڑی ہلتی ہے تو میں میں کے بجائے جواب دیں۔
قبل ازیں فردوس عاشق اعوان نے مریم کے ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا مریم نواز کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر ایسے بیانات جاری کرنے چاہئیں تھے، وہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں برسائی گئیں گولیاں کیوں بھول گئیں ؟ گلوبٹ کے سرپرستوں کے منہ سے ایسی باتیں قوم کیساتھ مذاق ہے۔