پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائی کورٹ نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے 5 معاونین خصوصی اور مشیروں کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
پشاور ہائی کورٹ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی خوشدل خان کی جانب سے وزیراعلیٰ کے معاونین خصوصی اور مشیروں کی تعیناتی کے خلاف رٹ کی سماعت 2 رکنی بینچ نے کی۔ درخواست گزار کا موقف تھا کہ 18 ویں ترمیمی کے تحت وزیراعلیٰ کو خاص حد سے زیادہ کابینہ کے ارکان رکھنے کی اجازت نہیں۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے معاونین خصوصی کامران بنگش اور عبدالکریم خان جبکہ مشیر اجمل وزیر، ضیاء اللہ بنگش اور حمایت اللہ کی تعیناتی کا نوٹیفیکشن معطل کر دیا۔ عدالت نے صوبائی حکومت سے جواب طلب کر کے کیس کی سماعت 31 جولائی تک ملتوی کر دی۔
عدالتی فیصلے سے متعلق صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ آئین میں 5 مشیر رکھنے کی گنجائش ہے، ہم نے 3 مشیر مقرر کئے، تفصیلی فیصلہ پڑھنے کے بعد جواب دینگے۔