عمران خان پاکستان کو گلے سڑے نظام سے نجات دینگے: فردوس عاشق

Last Updated On 14 June,2019 09:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قوم کے لیڈر ہیں جو شارٹ ٹرم پالیسیوں کی سیاست نہیں کر رہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جن حالات میں حکومت ملی، وہ شیئر بھی نہیں کر سکتے تھے۔ ہمارے پاس صرف دو ہفتوں کے زرمبادلہ کے ذخائر تھے۔ ڈالرز کی صورتحال بتاتے تو مارکیٹ میں ڈالر تھا، مافیا نے وہ بھی اٹھا لینے تھے۔ اس کے علاوہ بھاری قرضوں کا بوجھ حکومت کو ورثے میں ملا۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور موجودہ حکومت جس منزل تک پہنچنا چاہتی ہے، اس کے لیے ماضی کو دیکھنا پڑتا ہے، ماضی میں ہماری پالیسیاں درست نہیں تھیں، لانگ ٹرم پالیسیز کو شارٹ ٹرم کر دیا گیا۔ کونسی ایسی حکومت ہے جو آئی ایم ایف کے پاس نہیں گئی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جن مشکل حالات میں حکومت سنبھالی وہ ناقابل بیان ہے۔ سیاست دان اگلے الیکشن کا سوچتا ہے لیکن لیڈر اپنی نسل کے لئے پلان کرتا ہے۔ مجھے یقین ہے عمران خان اس نظام کو بدلیں گے، وہ ملکی اشرافیہ کو چیلنج کر رہے ہیں اور ملک وقوم کی ترقی کے لئے کوشاں ہیں۔