لاہور: (دنیا نیوز) مشتاق چینی کے شہباز شریف فیملی کے خلاف حیرت انگیز انکشافات سامنے آگئے۔ وعدہ معاف گواہ مشتاق چینی کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا۔
مشتاق چینی کے بیان کی کاپی دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کروڑوں روپے قرض کے فرضی معاہدے کیے گئے، حمزہ اور سلمان شہباز کے ساتھ 2005 سے کاروبار کر رہا ہوں، سلمان شہباز نے ٹرانزیکشنز کو قانونی بنانے کیلئے 2 فرضی معاہدے کیے، ایک معاہدہ میرے، دوسرا میرے بیٹے کے ساتھ کیا گیا، معاہدوں کے مطابق سلمان شہباز کو 61 کروڑ قرض دیا گیا۔
وعدہ معاف گواہ مشتاق چینی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جو رقم سلمان شہباز کو ٹرانسفر کی وہ انہی کی تھی، دونوں معاہدے فرضی تھے، حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا، سلمان شہباز نے 10 کروڑ ہماری کمپنی کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کیے، ہم پیسہ وائٹ ہو جانے کی لالچ میں کام کرتے رہے، مجھے اپنے گناہ کا احساس ہے، قانون کی مدد کیلئے تمام حقائق پر مبنی بیان دیا، جرم سرزد ہوا، معافی دی جائے۔
مشتاق چینی نے بیان میں کہا میں نے بینک الفلاح سمیت متعدد بینکوں میں اکاؤنٹ کھلوائے، بینک الفلاح کے منیجر عبدالقیوم کے ساتھ اسی وجہ سے تعلق بن گیا، عبدالقیوم کا بیٹا قاسم قیوم بھی منی چینجر کا کام کرتا تھا، اس سے بھی تعلق بن گیا، 2014 میں شہباز شریف فیملی کے سی ایف او محمد عثمان نے سلمان شہباز کیلئے 60 کروڑ کی رقم کرنے کا کہا، میں نے کہا اتنی بڑی رقم دے نہیں سکتا، جیسے جیسے رقم میرے اکاؤنٹ میں آتی رہی، سلمان شہباز کے چیک کاٹ کر دیتا رہا۔
وعدہ معاف گواہ مشتاق چینی نے مزید کہا مشتاق اینڈ کمپنی کے اکاؤنٹ میں بھی 2 کروڑ 93 لاکھ کی بیرون ملک سے ٹی ٹی لگوائی گئی، میرے اکاؤنٹ میں یہ رقم سلمان شہباز کے سی ایف او نے بھجوائی، جس سے کوئی تعلق نہیں، سلمان شہباز کے ملازم سید طاہر نقوی کے نام پر کمپنی بنائی گئی، کمپنی سے 10 کروڑ بذریعہ چیک پہلے میری کمپنی میں منتقل کیے گئے، 10 کروڑ کے چیک سلمان شہباز نے کاٹ کر عثمان کے حوالے کر دیئے، میری کمپنی کے اکاؤنٹ میں ٹی ٹی کے ذریعے 50 کروڑ روپے سلمان شہباز کے ملازم طاہر نقوی کےکمپنی سے ٹرانسفر ہوئے۔