اسلام آباد: (دنیانیوز) بلاول بھٹو کی حکومت مخالف رابطہ عوامی مہم کے سلسلے میں پیپلزپارٹی کی رابطہ کمیٹی نے سر جوڑ لئے، گھوٹکی، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخواہ، وسطی پنجاب میں بلاول بھٹو کے جلسوں پر مشاورت کی گئی۔
اسلام آباد میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی کی رہائش گاہ پر بلاول بھٹو کے جلسوں کیلئے پیپلزپارٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سیکرٹری جنرل نئیر بخاری، تاج حیدر، جمیل سومرو اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔
کوارڈینیشن کمیٹی نے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں بلاول بھٹو کے جلسوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، تمام تنظیموں سے رابطے کر کے شیڈول کو حتمی شکل پر بھی مشاورت کی گئی، گھوٹکی، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخواہ، وسطی پنجاب میں جلسوں پر بات چیت کی گئی، رابطہ کمیٹی نے سندھ میں 21 جون کے بعد کے جلسوں پر بھی صلاح مشورہ کیا۔
بلاول بھٹو 21 جون کو نوابشاہ، 23 جون کو رحیم یار خان میں جلسے کریں گے، 29 جون کو بلاول بھٹو گجر خان میں عوامی میدان لگائیں گے، رابطہ کمیٹی نے قراردیا کہ عوام دشمن بجٹ ہرگز قبول نہیں، حکومت کی نااہلی کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے۔