بجٹ کے حق میں ووٹ دینے والا عوام کا مجرم ہوگا، مریم نواز

Last Updated On 19 June,2019 07:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ کے بعد عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے، بجٹ کے حق میں ووٹ دینے والا عوام کا مجرم ہوگا۔

خواجہ برادران کے اہلخانہ سے ملاقات کے بعد ان کی رہائشگاہ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سلمان رفیق اسیران جمہوریت ہیں۔ خواجہ سعد رفیق کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا، ان کی غلطی ’نالائق اعظم‘ کیخلاف الیکشن لڑنا ہے۔

مریم نواز نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی ہے۔ بجٹ کے بعد ہر چیز مہنگی اور غریبوں پر قیامت ٹوٹ پڑی ہے۔ عوام کو مہنگائی کیخلاف باہر نکلنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بچپن سے سنتے آئے ہیں کہ قانون اندھا ہوتا ہے، خاص طور پر نیب کو تو دور سے نظر آ جاتا ہے کہ جس کا تعلق (ن) لیگ یا پیپلز پارٹی سے ہو اسے پکڑ لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حق کی بات کرنے والوں کو مقدمات، جلا وطنی اور جیلوں سے ڈرایا جاتا ہے لیکن یہ چیزیں تو ہم دیکھ چکے، ہمیں نہیں ڈرایا جا سکتا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اے پی سی بہت جلد ہوگی، اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اپوزیشن رہنماؤں سے بات چیت جاری ہے۔ احتجاج کی شکل کیا ہوگی؟ اس کا فیصلہ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں ہوگا۔