لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ ان لوگوں کو وہ بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں، نواز شریف کو ان کی بیٹی نے اس مقام پر پہنچایا۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ میثاق معیشت کی طرف بڑھنا خوشی کی بات ہے، ہم ملک کو بہتری کی طرف لے کر جائیں گے۔ نالہ لئی اور ایم ایل ون کا منصوبہ مکمل ہو گیا تو جلسہ کرنے کے بعد سیاست سے ریٹائر ہو جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ سنا ہے شاہد خاقان کہتے ہیں کہ 20 بندے ان کیساتھ رابطے میں ہیں، جس دن بجٹ کی ووٹنگ ہوگی وہ اپنے بندے پورے کرکے دکھائیں، بجٹ ہر حال میں پاس ہوگا۔
شیخ رشید نے کہا کہ معاشی بحران پیدا کرنے والوں کو اندازہ نہیں عمران آخری آپشن ہے۔ لوگ آصف زرداری اور نواز شریف سے کرپشن کی وجہ سے نفرت کرتے ہیں
وزیر ریلوے نے کہا کہ ان لوگوں کو وہ بیماری ہے جس کا کوئی علاج نہیں، شریف خاندان میں وراثت کی لڑائی چل رہی ہے، نواز شریف کو ان کی بیٹی نے اس مقام پر پہنچایا۔ جب میں کہتا تھا کہ یہ ڈیل مانگ رہے ہیں تو لوگوں کو یقین نہیں آتا تھا، اب دونوں میثاق معیشت کے لیے تیار ہیں۔