حیدرآباد ٹرین حادثے کے بعد ٹریک بحال، میتیں آبائی علاقوں کو روانہ

Last Updated On 21 June,2019 12:17 pm

حیدرآباد: (دنیا نیوز) حیدرآباد کے قریب ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئیں، ٹریک سے متاثرہ بوگیوں اور انجن کو ہٹا کر ٹرینوں کی آمدورفت بھی بحال کر دی گئی، گزشتہ روز جناح ایکسپریس کے مال گاڑی سے ٹکرانے سے ڈرائیور اور دو اسسٹنٹ ڈرائیور جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہو گئے تھے۔

حیدرآباد میں ٹرین حادثے کے بعد ریلیف ٹرین کی مدد سے ٹریک سے متاثرہ بوگیوں اور انجن کو ہٹا دیا گیا، بارہ گھنٹے بعد ٹریک بحال کیا گیا جس کے بعد ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت بھی بحال ہو گئی۔

حادثے میں جاں بحق جناح ایکسپریس کے ڈرائیور اور دو اسسٹنٹ ڈرائیوروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں، گزشتہ روز حیدر آباد ریلوے سٹیشن کے قریب مال گاڑی کو پیچھے سے آنے والی جناح ایکسپریس نےٹکر مار دی تھی۔

حادثے کے نتیجے میں جناح ایکسپریس کا انجن تباہ ہو گیا اور ٹرین کی دو بوگیاں الٹ گئیں جس سے کئی مسافر زخمی بھی ہوئے۔ دونوں ٹرینیں ایک ہی پٹڑی پر کیسے آ گئیں، ریلوے کے مواصلاتی نظام پر ایک بارپھر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
 

Advertisement