لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ملکی مسائل اتنے زیادہ ہو گئے ہیں کہ انھیں حل کرنا کسی ایک سیاسی جماعت کے بس کی بات نہیں، اب تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کو بھنور سے نکالنا ہوگا۔
پنجاب اسمبلی میں دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ملک کی معیشت کی کشتی گرداب میں ہے لیکن اب بھی حکومت کو عقل نہیں آ رہی، چاہیے تو یہ تھا کہ حکومت کوئی اقدامات کرتی تاکہ معیشت کی بہتری ہوتی لیکن افسوس کہ اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کے میثاق معشیت کو گالی بنا دیا گیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صنعتیں ایک کے بعد ایک بند ہو رہی ہیں۔ حکومت بالکل بے ہوش ہے اور اسے حالات کا علم نہیں ہو رہا کہ زمین ان کے پاؤں کے نیچے سے کھسک رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عقلمندی اب بھی یہی ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر اقدامات کرے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے اور عام آدمی کا جینا محال ہو گیا ہے۔ 20 ہزار تنخواہ والا شخص کس طرح بجلی اور گیس کا بل دے گا۔
حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ احتساب کے حق میں سب ہیں لیکن اگر وہ سیاسی انتقام کی شکل اختیار کرے گا تو قوم اس کو نہیں مانے گی۔