لاہور: (دنیا نیوز) صمصام بخاری نے کہا ہے کہ نواز لیگ بند دروازوں پر پیغام بھجوانا بند کر دے، عوام جانتے ہیں کہ احتساب سے چیخیں کیوں نکل رہی ہیں ؟۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام بخاری نے کہا کہ نواز لیگ میں قیادت کے لئے سرد نہیں گرم جنگ جاری ہے، نواز لیگ کی قیادت شہباز شریف نہیں مریم بی بی کے پاس ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا مہنگائی کے ذمے داران ہی اس کے خلاف احتجاج کریں گے ؟ پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے نام پر نواز لیگ سے گٹھ جوڑ کر لیا۔
صمصام بخاری کا کہنا تھا پی پی بارے اعتزاز احسن کی بات سچ ثابت ہو رہی ہے، دونوں جماعتیں عوام کو گمراہ کرنے کی مہم پر ہیں، کرپشن کی حمایت نے نیب کے خلاف اکٹھے ہونے پر مجبور کیا، تحقیقات ضرور ہونگی کہ گزشتہ 10 برسوں میں قرضہ کہاں سے کہاں پہنچا، اے پی سی کا عوام سے کوئی تعلق نہیں یہ ذاتیات کا ایجنڈا ہے، مولانا فضل الرحمان صرف اور صرف خود نمائی چاہتے ہیں، مولانا کو اسمبلی سے دوری اور اپنے بھائی بیٹے کی رکنیت برداشت نہیں۔