رائل پام کلب کا فیصلہ، شیخ رشید خوشی سے نہال، وزیراعظم کو مٹھائی کھلانے پہنچ گئے

Last Updated On 28 June,2019 08:16 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید نے رائل پام کلب سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عدلیہ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے تاریخی فیصلہ دیا۔ انہوں نے کہاوہ قوم سے وعدہ کرتے ہیں ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق رائل پام کنٹری کلب کا فیصلہ ریلوے کے حق میں آنے پر وفاقی وزیر شیخ رشید خوشی سے نہال ہو گئے۔ وزیراعظم سے خصوصی ملاقات میں انھیں فیصلے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو مٹھائی بھی کھلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا خسارہ دور ہونے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے ان سے پوچھا کہ اب رائل پام کنٹری کلب کو کون چلائے گا؟اس پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب انٹرنیشنل ٹینڈر ہوگا، عالمی سطح کی کمپنی چلائے گی۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب پاکستان ریلوے کے حوالے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تین ماہ میں نئی انتظامیہ سے متعلق بھی قواعد وضوابط طے کیے جائیں گے۔

 

مغلپورہ اور دھرم پورہ کے سنگم پر نہر کنارے ریلوے کی قیمتی اراضی کو 2001ء میں مین لینڈ حسنین پاکستان لمیٹڈ کمپنی کو 49 سالہ لیز پر دیا گیا تھا۔ 2002ء میں اس جگہ پر رائل پام گالف اینڈ کنٹری کلب قائم ہوا۔ کلب کے قیام کا مقصد اشرافیہ کو پرسکون ماحول اور بہترین سہولتیں فراہم کرنا تھا۔ یہاں گالف کورسز اور سوشل کلب کمپلیکس تعمیر کیے گئے۔