ملک بھر میں پی آئی اے کا حج آپریشن 4 جولائی کو شروع ہوگا۔ دو سو چورانوے پروازوں کے ذریعے اٹھہتر ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کے زیر صدارت ایوی ایشن ڈویژن میں اجلاس ہوا۔ ایوی ایشن حکام نے حج آپریشن پر بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں حج آپریشن 4 جولائی سے شروع ہو کر پانچ اگست تک جاری رہے گا۔
پوسٹ حج آپریشن سترہ اگست سے چودہ ستمبر تک جاری رہے گا۔ پی آئی اے نے حج آپریشن کے لئے دو سو چورانوے پروازوں کا انتظام کیا ہے۔ ان میں چھیاسی پروازیں مدینہ جبکہ دو سو آٹھ پروازیں جدہ جائیں گی جن کے ذریعے مجموعی طور پر اٹھہتر ہزار دو سو اٹھاون عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا اور واپس لایا جائے گا۔
اسلام آباد سے تیرہ ہزار ایک سو اکہتر حجاج پی آئی اے کی چھیالیس پروازیں استعمال کریں گے۔ کراچی سے باسٹھ پروازوں کے ذریعے انیس ہزار سات سو پینتالیس، لاہور سے اکاون پروازوں سے پندرہ ہزار پانچ سو باسٹھ اور پشاور سے انتیس پروازوں کے ذریعے دس ہزار چار سو چھیالیس حجاج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔
ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ کوئٹہ سے بھی چھپن جج پروازیں روانہ ہوں گی۔ ملتان سے اکیس، فیصل آباد سترہ اور سکھر سے بارہ پروازیں جائیں گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ حجاج کرام کو خاص کھانے اور تحائف بھی دیئے جائیں گے۔ ہر حاجی کو پینتیس کلو تک سامان لانے کی سہولت دی جائے گی جبکہ ہر حاجی کو پانچ لیٹر زمزم کی بوتل بھی دی جائے گی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کوئٹہ سے بھی حج آپریشن شروع کرنے پر خوشی اظہار کیا اور کہا کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ پر سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر دس سعودی امیگریشن کاونٹر نصب کردیئے گئے ہیں۔ سعودی امیگریشن سسٹم کے لٸے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خاص لائونج وقف کیا گیا ہے۔