لاہور: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری قابل مذمت اور ان پر الزام ناقابل فہم ہے۔ بلاول بھٹو کے خلاف قرارداد کی مذمت کرتے ہیں، سپیکر قومی اسمبلی اپنے رویے پر غور کریں۔
لاہور میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی عوامی رابطہ مہم جاری رہے گی۔ موجودہ بجٹ کو قوم کے ہر طبقے نے مسترد کیا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پارک لین کیس میں آصف زرداری کی گرفتاری اور بلاول کو ملوث کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ حکومت سندھ گرانے کے خواب دیکھے جا رہے ہیں۔ بلاول بھٹو کے خلاف قرارداد پیش کرنے والے اراکین کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ اپوزیشن کی ایک مضبوط آواز ہیں، ان کے واقعہ کی کوئی تصویر، ویڈیو اور گواہ موجود نہیں ہے۔ عقل نہیں مانتی کہ رانا ثنا اللہ نے ایسا کیا ہوا لیکن فیصلہ عدالت کرے گی، ایسے ہتھکنڈے اپوزیشن کی زبان بند نہیں کر سکیں گے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ آج پیٹریاٹ ٹو بنائی جا رہی ہے، صرف کردار نئے ڈالے جا رہے ہیں، اگر صوبے کا گورنر ہی وفاداریاں تبدیل کرا رہا ہو تو اسے تبدیل ہونا چاہیے، اگر عمران اسماعیل اس عمل میں ملوث ہیں تو بہت خطرناک بات ہے۔