جعلی اکاونٹس کیس: جسمانی ریمانڈ کے دوران فریال تالپور نے بیان قلمبند کرا دیا

Last Updated On 30 June,2019 09:00 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی اکاونٹس کیس کے جسمانی ریمانڈ کے دوران فریال تالپور نے بیان قلمبند کرا دیا۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کا بیان دنیا نیوز نے حاصل کرلیا، نیب کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر آپ نے جعلی اکاونٹس سے 3 کروڑ روپے وصول کر کے اویس مظفر کو دیے؟ جس پر فریال تالپور کا کہنا تھا کہ معلوم نہیں تھا کہ رقم جعلی اکاونٹس سے آرہی ہے۔

نیب کی طرف سے پوچھے گئے سوال میں کہ گنے کی رقم کس شوگر مل نے ادا کی؟ فریال تالپور کا کہنا تھا کہ رقم عبدالغنی مجید نے دی لیکن یاد نہیں کس شوگر مل سے آئی، زرداری صاحب نے کہا تھا کہ رقم وصول کرلو۔

اس موقع پر فریال تالپور نے زرداری گروپ کے جوائنٹ وینچر سے مکمل اظہار لاتعلقی کر دیا اور کہا کہ ناصر عبداللہ، یونس قدوائی اور حسین لوائی سے کوئی تعلق نہیں، پارک لین اسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ سے بھی کوئی تعلق نہیں۔

نیب کی جانب سے سوال کیا گیا کہ اویس مظفر نے 3 کروڑ روپے کیش کرائے تاکہ مشکوک ٹرانزیکشن کی ٹریل توڑی جائے؟ اس پر فریال تالپور کا کہنا تھا کہ زرداری گروپ کی دستخط شدہ چیک بک ابوبکر زرداری کے پاس ہوتی تھی، اویس مظفر کے نام چیک ابوبکر زرداری نے جاری کیا۔