فریال تالپور کی نااہلی کیلئے صوبائی الیکشن کمیشن میں درخواست دائر

Last Updated On 24 June,2019 09:15 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے فریال تالپور کی نااہلی کیلئے صوبائی الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر دی۔

پی ٹی آئی کی جانب سے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فریال تالپور اسمبلی رکنیت کی اہل نہیں، ان کو نااہل قرار دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ اور کرپشن کے الزمات پر پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) رکن سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما کیخلاف نااہلی کی درخواست صوبائی الیکشن کمیشن میں دائر کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس: فریال تالپورکا مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فریال تالپور جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور کرپشن میں ملوث ہیں، انھیں اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے۔

میڈیا سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ اگر سپیکر سندھ اسمبلی غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں تو 30 دن میں فریال تالپور نااہل ہو جائیں۔