کراچی: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنما اور سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور نے کہا ہے کہ میں بے گناہ ہوں اس لئے ضمیر بھی مطمئن ہے، مجھے پتہ ہے یہ سب جعلی ہے ہم پر جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ بی بی نے بھی مشکل حالات دیکھے، اب میرے شوہر اور بھائی کو جیل میں ڈال دیا گیا۔
پروڈکشن آرڈرز جاری ہونے پر پی پی رہنما فریال تالپور سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچیں تو اراکین نے ڈیسک بجا کر ان کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ آج پروڈکشن آرڈر پر آنے کا موقع ملا جس پر شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، پاکستانی عورت خاص کرسندھی عورت کی حیثیت سے کہتی ہوں گھبرانا نہیں، میں عورت ہوں کوئی یہ نہ کہے کہ میں گھبرا گئی ہوں، آج جو میرے ساتھ ہو رہا ہے خاص کر اپوزیشن کی خواتین ضرور دیکھیں۔
فریال تالپور نے شہید بے نظیر بھٹو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بی بی کے مشکل حالات دیکھے، ان کی شہادت کا غم برداشت کیا۔ میرے شوہر اور بھائی کو جیل میں ڈالا گیا لیکن میرا ضمیر مطمئن ہے۔ ہم پر جھوٹے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ ہوں مجھے پتہ ہے یہ سب جعلی ہے، میں بے گناہ ہوں۔
پی پی رہنما کے خطاب کے موقع پر اسمبلی گیلری میں خواتین ونگ کی عہدہ داران اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی جبکہ اسمبلی اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی نے بھی بھرپور شرکت کی۔