قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار

Last Updated On 03 July,2019 06:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات کے احکامات کے باوجود آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ چیئرمین کمیٹی جاوید لطیف کہتے ہیں پروڈکشن آرڈر وزیراعظم نے رکوائے، معاملہ اجلاس میں اٹھائیں گے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ انہوں نے بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی اطلاعات آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی منظوری دی تھی، قومی اسمبلی عملہ چیئرمین کمیٹی کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتا، پروڈکشن آرڈر وزیراعظم کی ہدایت پر روکے گئے، لگتا ہے آئندہ کسی ممبر کے کمیٹی اجلاس کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوں گے۔

میاں جاوید لطیف کا موقف ہے کہ چیئرمین کمیٹی پارلیمنٹ کے باہر کہیں بھی کمیٹی اجلاس میں ممبر کو بلا سکتا ہے، اسمبلی رول 108 کے مطابق اسے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا اختیار ہے جبکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ چیئرمین کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کا پابند ہے۔