اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیا چیئرمین سینیٹ کون ہو گا، پیپلز پارٹی کی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔ چیئرمین سینیٹ تبدیلی معاملے پر آصف زرداری متحرک ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری سے اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے رکن یوسف رضا گیلانی نے ملاقات کی، اس ملاقات میں چیئر مین سینیٹ کے معاملے پر مشاورت کی گئی۔ نیئر بخاری، مخدوم احمد محمود، ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈوی والا بھی مشاورت میں شامل تھے۔اس سے قبل بی این پی (مینگل) کے سربراہ اختر مینگل کی بھی سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رہبر کمیٹی کے اجلاس بلائے جانے کے منتظر ہیں، رہبر کمیٹی کے اجلاس میں نئے چیئرمین سینیٹ کے لئے ناموں پر غور ہو گا۔ نئے چیئرمین سینیٹ کے نام پر کوئی قیاس آرائی نہیں کروں گا۔ رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد صورتحال واضح ہو گی۔