سینیٹر پرویز رشید چیئرمین سینیٹ کے مضبوط امیدوار بن گئے

Last Updated On 28 June,2019 08:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی تبدیلی کا معاملہ پر آصف زرداری کی زیر صدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ختم ہو گیا۔

دنیا نیوز کے مطابق چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں کے ناموں پر غور شروع ہو گیا ہے۔ مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما سینیٹر پرویز رشید چیئرمین سینیٹ کے مضبوط امیدوار بن گئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر راجہ ظفرالحق، حاصل بزنجو سمیت دیگر نام بھی زیر بحث آئے۔ ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سلیم مانڈوی والا بھی چیئرمین سینیٹ بننے کے خواہشمند ہیں۔

اجلاس کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ایک مرتبہ عہدہ لینے والے شخص کو دوبارہ عہدہ نہ دینے کا اشارہ دے دیا، اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے بھی امیدواروں کیلئے مجوزہ نام مانگ لئے گئے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ مجوزہ نام اپوزیشن کی طرف سے بنائی جانے والی رہبر کمیٹی کو بھجوائے جائیں گے، رہبر کمیٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے حتمی نام کا اعلان کرے گی۔