آصف زرداری سابق صدر، بیانات کو سنجیدگی سے لینا چاہیے: پرویز رشید

Last Updated On 19 December,2018 07:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اطلعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود ہماری پارلیمانی اور سیاسی طاقت میں کمی نہیں آئی، مسلم لیگ ن کا سیاسی کردار ختم نہیں ہوگا، حکومت ختم ہو جائے گی۔

 

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما پرویز رشید نے دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت میں کہا ہے کہ اپوزیشن کے گرینڈ الائنس کا انحصار حکومتی طرز عمل پر ہے، پارلیمنٹ کی سطح پر ہماری اور پیپلز پارٹی کی ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔

پرویز رشید نے کہا کہ آصف زرداری سابق صدر رہے، ان کے بیانات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے، شریف خاندان کے مائنس ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے خلاف انتقام نیا کام نہیں، تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود ہماری پارلیمانی اور سیاسی طاقت میں کمی نہیں آئی۔

لیگی رہنما پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن نہیں بلکہ حکوت پر بوکھلاہٹ طاری ہے، اپنے پاؤں نہیں لگ رہے، اپوزیشن کے خلاف آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے۔ مسلم لیگ ن کا سیاسی کردار ختم نہیں ہوگا، حکومت ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن اور احتساب کے سوائے نہ کہنے کو کچھ ہے اور نہ کرنے کو کچھ ہے، یہ اپنا ایک کارنامہ بتا دیں، ہم دس ناکامیاں بتا سکتے ہیں۔ منتخب حکومتیں ریلیف کا بندوبست کرتی ہیں لیکن یہ وبال جان بن کر آئے، حکومت گرانے کے لئے ہمیں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، یہ خود ہی کافی ہیں۔