آصف زرداری نے تمام مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں واپس لے لیں

Last Updated On 26 June,2019 09:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں نیب کی انکوائریز کے خلاف ضمانت قبل از گرفتاری کی تمام 7 درخواستیں واپس لے لیں۔

جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس عامرفاروق نے کیس کی سماعت کی۔ آصف علی زرداری سماعت شروع ہوتے ہی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ وہ خود دلائل دیں گے۔

سابق صدر نے کہا کہ وہ ضمانت قبل ازگرفتاری کی تمام درخواستیں واپس لے رہے ہیں، استغاثہ کہتی ہے کمپنی بنائی لیکن قرضہ لینے کا کوئی ثبوت نہیں، پہلے بھی 8 سال بعد رہا کیا گیا، بی ایم ڈبلیو کا مشہور کیس بنا، اللہ نے طاقت دی تو مقدمات کا سامنا کروں گا۔ نیب ٹیم نے موقف اختیار کیا کہ درخواستیں مسترد ہوجائیں یا واپس لے لی جائیں، انہیں کوئی اعتراض نہیں۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں آصف علی زرداری نے کہا کہ کیسز نہیں درخواست واپس لی، انہیں جیل میں رکھنا ہے تو رکھ لیں۔ اس موقع پر بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پہلے بھی لڑ رہے تھے، اب بھی لڑیں گے۔

درخواستیں واپس لیتے ہی آصف علی زرداری کی پارک لین کیس میں گرفتاری کا اختیار بھی نیب کو مل گیا، توقع ہے کہ جلد ہی اس مقدمے میں بھی سابق صدر کی گرفتاری ڈال دی جائے گی۔