اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے لائن آف کنٹرول چھمب سیکٹر کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 5 جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے دھماکے میں جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول سے چند کلومیٹر دور چھمب سیکٹر میں دھماکے سے پاک فوج کے 5 جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوا تھا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا یہ دھماکا بھارتی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے، بھارت سیز فائر معاہدے اور بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہدا میں صوبیدار محمد صادق، سپاہی محمد طیب، سپاہی زوہیب، سپاہی غلام قاسم اور نائیک شیر زمان شامل تھے۔