سب سیاستدانوں کو جیل میں ڈال دیں، خدارا عوام پر رحم کریں: خورشید شاہ

Last Updated On 04 July,2019 03:13 pm

سکھر: (دنیا نیوز) خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان بتائیں کون سے بادشاہ نے این آر او کی بات کی، سب سیاستدانوں کو جیل میں ڈال دیں، خدارا عوام پر رحم کریں، ہر سیاسی ورکر گاڑیوں کی تلاشی لے کر نکلا کرے۔

سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ملک کی معیشت جتنی آج تباہ ہو رہی ہے اتنی پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں نہیں ہوئی، مہنگائی بڑھ رہی ہے کل جو چیز ایک روپے کی مل رہی تھی وہ آج ڈھائی روپے کی مل رہی ہے، بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے، عوام جب گیس اور بجلی کے بل دینے کے بعد راشن خریدنے جائیں گے تو ان کی چیخیں نکل جائیں گی۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ سونامی نام ہی تباہی کا ہے اور عوام اس وقت سونامی کو بھگت رہے ہیں، یہ قرض لے کر خوشیاں منا رہے ہیں ان لوگوں نے عوام سے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ تو نوکریاں دینے کے بجائے چھین رہے ہیں، عمران خان آج اپنی ناکامیاں چھپا رہے ہیں، ڈالر مہنگا ہوتا جا رہا ہے، پی ٹی آئی کو اقتدار میں آنے سے قبل معاشی حالات کا علم تھا مگر اس کے باوجود عوام سے جھوٹ بولتے رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما نے مزید کہا کہ معیشت صرف زراعت سے بہتر ہوسکتی ہے لیکن یہ زراعت کو تباہ کر رہے ہیں، عوام سے درخواست ہے کہ وہ گھروں سے نکلنے سے پہلے اپنی گاڑیوں کی ڈگی کو چیک کر کے نکلیں ورنہ ان کی ڈگی سے بھی کچھ نکل سکتا ہے، رانا ثناء اللہ کی گرفتاری اچھا پیغام نہیں ہے، عمران خان کا نظریہ اس کی گرفتاری سے چکنا چور ہوگیا ہے، ہم کہتے ہیں کہ ملک میں تمام چیزیں آئین اور قانون کے مطابق ہونی چاہئیں، عدالتیں آزاد ہیں، ججز فیصلے کر رہے ہیں، عمران خان سے کوئی نہیں کہہ رہا ہے کہ ہمیں چھوڑ دو۔